اہم خبریں

ایکنک اجلاس،زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سمیت اہم منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (اے بی این نیوز   )قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی نے ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے، مہمندڈیم سے قومی گرڈ میں 800 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کے پی سی ون اور پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان سمیت کئی اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ایکنک کااجلاس منگل کو وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت سیدنویدقمر، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق محمودپاشا، سینیٹرنثاراحمد کھوڑو، خیبرپختونخوا حکومت کے مالیاتی مشیرحمایت اللہ خان، وفاقی سیکریٹریز اورمتعلقہ وفاقی اورصوبائی محکموں کے سینیئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اورسندھ میں وزریراعظم کے زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبہ کاجائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر 377236.275 ملین روپے کی لاگت آئے گی اوریہ 3 سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔منصوبہ کے فیز ون کے تحت مالی سال 2024 میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 90 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے جبکہ صوبے اوراستفادہ کرنے والے کاشت کار بھی اس کے مساوی فنڈز فراہم کریں گے، منصوبہ کے تحت ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کردیا جائے گا۔یہ منصوبہ وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق وفاقی واٹرمنیجمنٹ سیل اورصوبائی محکمہ ہائے زراعت کے تعاون سے آگے بڑھائے گی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کے ’رورل انویسٹمنٹ اینڈ انڈسٹرئیل سپورٹ پراجیکٹ‘ کا جائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی۔منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں سرمایہ کاری اورصنعتی شعبہ کوفروغ دیا جائے گا۔ اس پر110.700 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں عالمی بینک کی جانب سے 300 ملین ڈالر اورکے پی حکومت کی جانب سے 29700 ملین روپے کے فنڈز کی فراہمی بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں وزارت توانائی کے مہمندڈیم سے قومی گرڈ میں 800 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کے پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر14319.18 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 6318.38 ملین روپے کی غیرملکی امدادشامل ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبہ کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع نوشہرہ، پشاوراورمہمند میں یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی آگے بڑھائے گی۔ایکنک کے اجلاس میں وزارت مواصلات کے کالاشاہ کاکوایگزٹ سے کے ایل ایم ٹوملتان روڈ لاہوربائی پاس منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر34446.585 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔لاہوراورشیخوپورہ کے اضلاع میں یہ منصوبہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی مکمل کرے گی۔ یہ منصوبہ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مکمل کیا جائے گا۔اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات، صوبائی وزارت صحت، ڈبلیوایچ او اوریونیسیف کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان کی منظوری بھی دی گئی۔

متعلقہ خبریں