اہم خبریں

سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے لیے ازخودنوٹس کیس کی سماعت کل ہو گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے لیے ازخودنوٹس کیس کی سماعت کل ہو گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ کیس کی دن ایک بجے سماعت کرے گا۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے خصوصی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (ایس جے آئی ٹی) کی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے، پیش رفت رپورٹ ججز کے چیمبر میں جمع کروائی گئی ہے۔ جمع کرائی گئی رپورٹ کے ساتھ ڈی ایس پی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کے بیان حلفی بھی جمع کروائے گئے ہیں۔ جن میں کہا گیا ہے کہ سپیشل جے آئی ٹی 15 جنوری کو کینیا جائے گی، سپیشل جے آئی ٹی کینیا سے ارشد شریف قتل کے شواہد جمع کرے گی، سپیشل جے آئی ٹی کینیا سے ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرے گی، کینیا سے ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ملتے ہی سپریم کورٹ میں جمع کروا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے ارشد شریف پوسٹ مارٹم رپورٹ کی کاپی ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے اس پر اعتراض عائد کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں