پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کے 75سال مکمل ہونے کی خوشی میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ روشنیوں کا اہتمام

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)امریکہ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75سال مکمل ہونے کی خوشی میں امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت کی شاہراہ جمہوریت پر قائم ایک عمارت پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ روشنیوں کا اہتمام کیا ہے جو 3جنوری سے 11جنوری تک جاری رہے گا۔پاکستان میں امریکی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شراکت دار ادارے تھری ڈی اِلومی نیشن کے تعاون سے جدت اور اختراع پر مبنی اس سہ جہتی روشنیوں کے ذریعہ گزشتہ 75برس کے دوران امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کےنمایاں موضوعات اور تصاویر کو اُجاگر کیا گیا ہے۔اس سے قبل واشنگٹن یادگار اور ایفل ٹاور جیسے مشہور مقامات پر روشنیوں کے لئے استعمال کی جانے والی یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں شاذ و نادر ہی پہلے کبھی استعمال ہوئی ہے۔اس موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کےناظم الاُمور اینڈریو شُوفر نے کہا ہے کہ امریکہ گزشتہ 75برسوں کے دوران توانائی، زراعت، عوامی صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور عوامی روابط کے قیام کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت میں مصروف عمل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منفرد تکنیکی چراغاں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ امریکہ کے دیرینہ اشتراک کی وُسعت اور گہرائی کی پاکستان کے لوگوں میں پذیرائی ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ہم امریکہ -پاکستان ماحول دوست اتحاد لائحہ عمل سمیت مستقبل میں بھی تعاون اور شراکت کے مواقع تلاش کرنے کے منتظر رہیں گے۔گزشتہ 75 برس کے دوران باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر قائم کردہ تعاون کا سلسلہ امریکہ اور پاکستان دونوں کے لئے فائدہ مند رہا ہے۔ امریکہ نے کئی دہائیوں سے پاکستان میں انسانی زندگیوں کی بہتری ، باہمی تعاون میں اضافہ اور مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے 32 اَرب ڈالرسے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے۔

ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں اور ہر وقت باخبر رہیں

WhatsApp Channel