صحبت پور( نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف صحبت پور میں سیلاب متاثرین اورعمائدین سے خطاب میں دانش سکول رحیم یار خان کی طالبہ کی داستان سنتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ بدھ کو ایک روزہ دورہ کے موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان میں 12 دانش سکول قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 2008 میں جب دانش سکول قائم کئے تو رحیم یار خان میں قائم دانش سکول کے دورہ کے موقع پر ایک بچی جس کا نام عائشہ تھا، سے ملاقات ہوئی جس نے بتایا کہ اس کی والدہ اور والد دونوں وفات پا چکے ہیں، وہ چار بہن بھائی ہیں، اس کا خواب تھا کہ وہ ڈاکٹر بنے گی تاہم اس کے پاس تعلیم کیلئے کوئی وسائل نہیں تھے، اب وہ یہاں پر جدید سہولیات سے آراستہ سکول میں زیر تعلیم ہے تو وہ روزانہ رات کو اپنے باپ سے تصور میں باتیں کرتی ہے کہ اب وہ ڈاکٹر بن کر ان کی خواہش کی تکمیل کرے گی۔ وزیراعظم اس موقع پر آبدیدہ ہو گئے۔