اسلام آباد(اے بی این نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوریا اور سری لنکا کے ساتھ اقتصادی ، تجارتی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں کوریا کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا، آزاد تجارتی معاہدے کے تحت سری لنکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جنوبی کوریا اور سری لنکا کے سفرا سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے جمہوریہ کوریا کے سبکدوش ہونے والے سفیر سوہ سنگ پیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، پاکستان اور کوریا سیاسی، اقتصادی، سائنسی، ثقافتی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے تمام شراکت داروں کو خوش آمدید کہتا ہے، پاکستان مختلف شعبوں میں کوریا کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا، پاکستان کوریا کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے کوریا کے ساتھ ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کوہ پیمائی اور مذہبی سیاحتی مقامات کا حامل ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کوریا کے سیاحوں کو بدھ مت کے مقامات کی سیر کیلئے خوش آمدید کہے گا، گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے مقدس مقامات کورین سیاحوں کیلئے کشش کا باعث بن سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے سری لنکا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر ، موہن وجیوکرما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا جنوبی ایشیا میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، آزاد تجارتی معاہدے کے تحت سری لنکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں ، دونوں ممالک کو سارک کی بحالی کیلئے راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔
