سپیکر قومی اسمبلی کا وڈھ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس
اسلام آباد( اے بی این نیوز )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وڈھ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ سیکورٹی حکام کو اس معاملے کا فوری حل نکالنے کی ہدایت کی جائے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے وڈھ بلوچستان میں مسلح جتھہ نے لوگوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، دو متحارب گروپ آمنے سامنے ہیں، سردار اختر جان مینگل کے والد کی جدوجہد کو لوگ یاد رکھتے ہیں، بعض عناصر ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے حالات خراب کر رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ان کے سامنے بے بس ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپیکر اس تصادم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں خصوصی ہدایات جاری کی جائیں۔ سپیکر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو ہدایت کی وڈھ میں امن و امان کی صورتحال کو متعلقہ حکام کے علم میں لائیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جن جن سیکورٹی فورسز کی وہاں موجودگی ہے ان سے کہا جائے گا کہ وہ اس میں مداخلت کریں، میں اس معاملہ پر بات کر کے ایوان کو رپورٹ کروں گا۔