پشاور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنی سڑسٹھویں سالگرہ کا کیک عدالت میں کاٹا اور ان کی راہداری ضمانت بھی منظور ہوگئی۔پشاور ہائی کورٹ نے جمعہ تک کے لئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔ اس موقع پر انصاف لائرز فورم کے وکلا کی طرف سے شاہ محمود قریشی کی سالگرہ کے لئے کیک کا اہتمام کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اسد قیصر اور اسد عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کیک کاٹنے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان کی استقامت کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت راہداری پر پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے سے پہلے انھیں گرفتار نہ کرنے کی استدعا کی۔وکیل شیر افضل نے عدالت کو بتایا کہ اسد عمر اور شاہ محمود قریشی ایک ہی ایف آئی آر میں نامزد ہیں، اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی اس لئے یہاں آئے، پولیس ہمارے ساتھ انصاف نہیں کررہی ہے۔وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ عدالت کے پاس ٹرانزٹ بیل کرنے کا اختیار ہے، جمعہ کو ہماری ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں فکس ہے، میرے مؤکل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخل ہونے نہیں دیا جارہا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ آخری ملاقات اچھی رہی جبکہ تحریک انصاف کی مستقبل پر میں پہلے اظہار کرچکا ہوں۔
