اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف اسدعمر اور شاہ محمود قریشی کو عدم موجودگی پر حفاظتی ضمانت دینے سے انکار کردیا۔ عدالت نے دونوں رہنماوں کو کل تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے رہنما تحریک انصاف اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ وکیل علی بخاری نے موقف اپنایا کہ اسد عمر اور شاہ محمود قریشی ہائیکورٹ کے باہر گاڑی میں موجود ہیں، گاڑی سے نکلے تو گرفتار ہوجائیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایسے کیسے گرفتار ہوجائیں گے، کیا کوئی نظیر موجود ہے کہ بغیر پیش ہوئے ضمانت ملی ہو؟ قانون کے مطابق درخواست گزار کی موجودگی ضروری ہے۔ اسد عمر کے وکیل نے موقف اپنایا آپ اس درخواست کو حمزہ شہباز کیس کی طرح حفاظتی ضمانت میں تبدیل کردیں۔ آپ پروٹیکشن دے دیں تاکہ پولیس ان کو گیٹ کے باہر سے گرفتار نا کرے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے آپ قانون بتا دیں، کوئی نئی روایت تو نہیں ڈال سکتے۔ یہ عدالت قانون کے مطابق ہی چلے گی، اس حوالے سے قانون بہت کلئیر ہے۔ ان کی ضمانت سیشن کورٹ سے خارج ہو چکی ہے حفاظتی ضمانت نہیں دے سکتے۔ کیا اس قسم کا غیر معمولی ریلیف عام شہری کو بھی دیا جاتا ہے؟ کیس کل کیلئے مقرر کر رہے ہیں۔ درخواست گزار عدالت کے سامنے آگئے تو کیس سن لیں گے۔ عدالت نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی۔
