اسلام آباد( اے بی این نیوز ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اقوام متحدہ کے سماجی اور اقتصادی کمیشن برائے ایشیاء و بحرالکاہل کے اشتراک سے سہ روزہ ”انٹرنیشنل کانفرنس آن ڈیجیٹلائزیشن آف ٹیکسز ان پاکستان“ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی۔ اس موقع پرممبر ایڈمنسٹریشن ایف بی آر سید ندیم حسین رضوی نے چیئرمین ایف بی آر کی نمائندگی کرتے ہوئے خطا ب کیا۔انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء کوخوش آمدید کہا جن میں بین الاقوامی اداروں،ڈیویلپمنٹ سیکٹر،پبلک سیکٹر آرگنائزیشنز کے نمائندے، ایف بی آر کے افسران اور ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈمی لاہور کے تربیتی افسر ان بھی شریک تھے۔ اقوام متحدہ کے سماجی اور اقتصادی کمیشن برائے ایشیاء و بحرالکاہل کی طرف سے اکنامک افیئرز آفیسر البرٹو اسگٹ نے ترقی پزید ممالک میں پائیدار ترقی، اکنامک گروتھ اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب میں تیزی سے اضافہ حاصل کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے ماہرین اور ٹیکس حکام کے مابین معلومات کے تبادلہ میں انٹگریٹڈ نیشنل فنانسنگ نیٹ ورکس (INFN) کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انٹگریٹڈ نیشنل فنانسنگ نیٹ ورکس (INFN) ٹیکس کی ادائیگی بہتر بنانے کے لئے ریکوری اور پائیدارترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں مدد دینے کے لئے سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے پر زور دیتا ہے۔
ESSEC بزنس سکول فرانس کے پروفیسر فرینک چن اور کئی مقامی شرکاء کے ساتھ ساتھ اس کانفرنس میں آسٹریلین ٹیکس آفس، فنانشل ڈائریکٹوریٹ سلاوک ری پبلک، آسٹریا کی وفاقی وزارت خزانہ اور ہنگری کی نیشنل ٹیکس اینڈ کسٹمز ایڈمنسٹریشن کے نمائندوں نے آن لائن شرکت کی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عالمی رجحانات کے ساتھ ہم قدم رہتے ہوئے معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کا سفر شروع کردیا ہے۔جس کے تحت چار اہم پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن میں پیداوار پر نظر رکھنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ٹیئر ون انٹگریٹڈ ریٹیلرز کی سیلز انوائسز کی رئیل ٹائم رپورٹنگ کے لئے پوائنٹ آف سیل سٹم(POS)،پوری سپلائی چین کو دستاویزی شکل دینے کے لئے ڈیجیٹل انوائسنگ اور تمام ادائیگیوں پر نظر رکھنے کے لئے بینکنگ سیٹنڈرڈSO-20022 کے تحت بنائے گئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جدید ترین پیمنٹ گیٹ دے RAAST کے ذریعے تمام ود ہولڈنگ ٹیکسز کی بیک وقت ادائیگی کے لئے سینکرونائزڈ ود ہولڈنگ اینڈ پیمنٹ سسٹم (SWAPS) شامل ہیں۔
