اہم خبریں

جے سالک کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات،مسیحی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور معروف سماجی سیاسی اور مسیحی راہنماء جے سالک کی چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات، ملاقات میں نوکریوں سے جبری بیدخل کئے جانیوالے ملازمین کی بحالی، تنخواہوں کی ادائیگی، سینی ٹیشن ورکرز کیلئے حاضری پوائنٹس پر موسم کی خرابی کی صورت میں جی نائن طرز کی چھتوں کی فراہمی، اسلام آباد کی کچی آبادیوں کو ریگولرایز کرنے سمیت انہیں بجلی گیس پانی سمیت تمام ضروریات زندگی کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ جے سالک نے چیئرمین سی ڈی اے کو سینی ٹیشن شعبہ سے جبری نکالے گئے پانچ سو ورکرز انکی بحالی سمیت ڈی جی ایچ آر ڈی کیساتھ طے ہونے والی شرائط ، انکی بقایا تنخواہوں، انہیں صحت اور سوشل سیکیورٹی کی فراہمی، سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ جے سالک نے چیئرمین کو بتایا کہ اسلام آباد میں واقع کچی آبادیوں کو 1994ء میں وزیرا عظم کے حکم پر مالکانہ حقوق دیئے گئے تھے جن میں سے صرف ایک جے سالک کالونی سکیٹر جی ایٹ ون کو بطور نمونہ بنایا گیا مگر اسکے بعد سے کوئی کام نہیں کیا گیا اور باقی تمام کچی آبادیاں اسی طرح ہیں بلکہ کچھ کالونیوں میں لوگ بجلی، گیس اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جنہیں این او سی کی اشد ضرورت ہے جس پر چیئرمین نے ممبر پلاننگ کو ان تمام مسائل پر سنجیدگی سے کام کرنے اور انکے فوری حل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے باقی رہ جانیوالے چودہ ملازمین کی بحالی کا بھی حکم دیا اور جے سالک کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور سینی ٹیشن ورکرز کی جانب سے دی جانیوالی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد ملاقات کی تاریخ دینے کا بھی وعدہ کیا۔

متعلقہ خبریں