لاہور ،پشاور(اے بی این نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔ تفتیشی افسر انسپکٹر شوکت علی نے اعجاز چوہدری کو تھانہ شادمان کے مقدمہ نمبر 768/23 میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے اعجاز چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ دوسری جا نب پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کیخلاف خیبرپختونخوا میں درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔سابق وفاقی وزیر کی ضمانت اور انکے کیخلاف خیبرپختونخوا میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر جسٹس اشتیاق ابراھیم اور جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ علی محمد خان کو ایک کیس میں ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جاتا ہے اس لئے انھیں ضمانت دے کر خیبرپختونخوا میں ان کے کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔عدالت نے سماعت 22 جون تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ علی محمد کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
