کراچی(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ شہر کراچی بھٹو کا ہے اور بھٹو کا ہی رہے گا،سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کی تقاریر کی گئیں، جعلی مینڈیٹ کا طعنہ ہمیں کیوں دے رہے ہیں؟ 2018 میں آپ کے ساتھ کیا ہوا تھا؟ آپ ایک میچور پارٹی ہیں، آپ کا مینڈیٹ ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے آگے ہاتھ جوڑے کہ الیکشن میں حصہ لیں، آپ سمجھتے رہے دوسری طرح سے سیٹیں مل جائیں گی، پہلے تو ایسا ہوتا رہا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ ایم کیو ایم کا اپنا تھا، اب اپنی خرابیوں کا الزام ہم پر نہ لگائے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ شہر کراچی بھٹو کا ہے اور بھٹو کا ہی رہے گا، عمران اسماعیل سے بات ہوئی تو سوچا اللہ 5 سال کیسے گزریں گے، ہم نے پوری دنیا میں سندھ کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 11ویں بار بجٹ بحث کا خاتمہ کررہا ہوں، پہلی بار 1972 میں سندھ اسمبلی آیا تھا، ون یونٹ کے بعد اسمبلی بنی تھی، گورنر نے حلف لیا تھا۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ میرے والد کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ ان کی صدارت میں اجلاس ہوا، محمد حسین بھائی اجلاس کی صدارت کرتے تھے، ہم نے کئی ادوار دیکھے ہیں، اپوزیشن کو بولنے نہیں دیا جاتا تھا۔















