اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں وزرا اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات کو مزید مظبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں قائدین نے تجارت وسرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کےلئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملائیشیا کے ساتھ اقتصادی ، تجارتی روابط اور سیاسی بات چیت کے لئے ملائیشیا کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کااظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات اور مضبوط معاشی و تجارتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا۔دونوں رہنمائو ں نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے بدترین اثرات، سیلاب کی صورتحال اور 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں پاکستان میں سیلا ب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے منعقد ہونےوالی عالمی کانفرنس پر تبادلہ خیال کیا جہاں عالمی برادری پاکستان کی ریکوری اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کے لئے اکٹھی ہو گی۔