لاہور( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اعمال ٹھیک ہوں تو کوئی کسی کو سیاست سے مائنس نہیں کر سکتا، ادھار کی پارٹی اسی طرح بکھرتی ہے جس طرح پی ٹی آئی بکھری، ٹیریان کے ابو کو چار سالوں کے گناہوں کا جواب دینا ہوگا، مسلم لیگ (ن) سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، نواز شریف کی قیادت میں الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں، سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر فصل ہوئی، میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جا رہی ہے، دو ہفتہ میں میکنزم بنا کر اسے یقینی بنایا جائے گا۔ وہ منگل کو لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان و دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ دور میں صحافت پر قدغنیں لگائی گئیں، صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہم تب بھی صحافیوں کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے سیفٹی بل کی بنیاد نواز شریف کے دور اقتدارمیں رکھی گئی تھی، اس بل میں لائف انشورنس، دہشت گردی یا حادثاتی معاملات کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اقتدار میں آنے سے پہلے مجھے کہا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس سے نہ صرف رپورٹرز بلکہ کیمرہ مین بھی مستفید ہوں گے، دو ہفتوں کے اندر اس حوالے سے میکنزم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ پیمرا میں حکومتی بزنس کو صحافیوں کی تنخواہوں سے منسلک کر دیا ہے جبکہ آئی ٹی این ای نے 10 کروڑ روپے کی ریکوری ک کے جن صحافیوں کی تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی تھیں، انہیں تنخواہیں ادا کیں یہ ایک تاریخی کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے لئے پارلیمنٹ کے دروازے بند تھے اس و قت نیشنل پریس کلب کے دروازے ہمارے لئے کھلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب ہو یا نیشنل پریس کلب اسلام آباد، ان کے دروزاے ہمارے لئے کھلے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی کم از کم تنخواہ 35 ہزار ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں آئی ٹی کے شعبہ کے لئے بہت کام کیا گیا ہے، پریس کلب کے لئے آئی ٹی کے آلات اسلام آباد آ چکے ہیں جس سے ڈیجیٹل کلب وجود میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں نفرت اور انتشار دیکھا گیا جسے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ہم بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے معیشت کی سمت درست کر کے مہنگائی پر کنٹرول کرنا شروع کر دیا ہے، مہنگے ترین پاکستان کو اب سستا ترین پاکستان بنا کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں تاریخی اقدامات کی بدولت اس سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ساحلی پٹی کو سمندری طوفان سے بچانے کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں کے لئے مراعات رکھی گئی ہیں، نئی نسل اس سے مستفید ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول اور گندم کی قیمتیں کم کرنا چاہتی ہے تاکہ اس کا فائدہ براہ راست عوام کو مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ معیشت اور روزگار کے وڑن کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد انتخابات کی تاریخ دے گا، مسلم لیگ (ن) نے اپنی الیکشن مہم شروع کر دی ہے، شجاع آباد، وہاڑی، لاہور میں مریم نواز جلسے کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نفرت اور انتشار کی سیاست سے تھک چکی ہے، اب لوگ ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے چنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس یا مینڈیٹ کا قتل کر کے جو چیز آئی تو وہ ریت کی طرح بکھر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018میں سازش کے ذریعے ایک نااہل، چور، نالائق اور کرپٹ شخص کو وزارت عظمی کی کرسی پر مسلط کیا گیا جس نے اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں بند کیا، انتقام لینا شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، اگر سیاسی انتقام لینا ہوتا تو ہم کب کے لے چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ میں جو کچھ بھی ہوا اس پر عمران خان کو گڈ ٹو سی یو کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اعمال ٹھیک ہوں تو کوئی کسی کو سیاست سے مائنس نہیں کر سکتا جس کی زندہ مثال نواز شریف ہیں جنہیں مائنس کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کی جڑیں عوام میں مضبوط ہوں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ادھار کی پارٹی اسی طرح بکھرتی ہے جس طرح پی ٹی آئی بکھری، یہ لوگ آدھا گھنٹہ جیل میں نہیں رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں اور الیکشن کا مینڈیٹ لے کر جائے گی۔ اس وقت پاکستان کو نواز شریف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیریان کے ابو کو اپنے چار سال اور 9 ماہ کا جواب دینا ہوگا کیونکہ کسی کو بھی قانون سے استثنی حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث شرپسندوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
