اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی مدت اگست 2023 میں مکمل ہو رہی ہے، ایک ہی وقت میں انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد میں ہے، صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ملک میں بسنے والے ہر اس شخص کی خواہش ہے جو آئین اور جمہوریت چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو یہاں پلڈاٹ کے زیراہتمام “الیکشن کمیشن کے تیسرے سٹریٹجک پلان پر عملدرآمد کی صورتحال ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی اور اس کی مدت رواں سال اگست میں مکمل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال اپریل میں آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق عدم اعتماد کے ذریعے حکومت میں تبدیلی آئی ، جنوری 2023 میں جب پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل کیا گیا تو معاملہ عدالت میں گیا اور عدالت میں بھی تقسیم نظر آئی جبکہ 2 صوبائی ہا ئی کورٹس میں پہلے ہی یہ معاملہ زیر سماعت تھا۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے تشریح کی کہ یہ فیصلہ 4-3 سے مسترد ہوا ہے جس کی وجہ سے 90 دنوں میں الیکشن نہ ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ایک مضبوط الیکشن کمیشن موجود ہے اور انتخابات کا انعقاد اس کی ذمہ داری ہے، حکومت انتخابات کے حوالے سے پاکستان کے آئین اور قانون میں دیئے گئے طریقہ کار کی پابند ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد میں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تذویراتی منصوبوں اور اہداف میں قانون سازی سے متعلق جو حصہ ہے وہ پارلیمان کی ذمہ داری ہے اور اس کیلئے مکمل حکومتی تعاون رہے گا۔
