اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منگل کے روز قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں رواں بجٹ اجلاس کو بروز ہفتہ 24 جون 2023 تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں بجٹ اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلہ خیال کیا گیا، کمیٹی اجلاس میں بجٹ 2023-24 پر 17 جون تک عام بحث جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ بعدازں سینیٹ آف پاکستان کی طرف سے دی گئی سفارشات پر غور کیا جائے گا اور 19 جون 2023 کو وزیر خزانہ بجٹ 2023-24 پر عام بحث کو سمیٹھٹیں گے۔ غیر تصویبی اخراجات (چارج ایکسپنڈیچرز) پر بحث 20 جون کو ہوگی جبکہ کٹوتی کی تحریکوں پر بحث 21 اور 22 جون کو ہو گی۔ فنانس بل، 2023 پر غور اور منظوری 23 جون کے لیے تجویز کی گئی ہے، جب کہ 24 جون کو 2021-2022 اور 2023 کے لیے گرانٹس کے ضمنی مطالبات زر پر بحث کی جائے گی۔کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ اجلاس کو بروز ہفتہ 17 جون اور 24 کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، مرتضیٰ جاوید عباسی، شازیہ مری اور اراکین قومی اسمبلی خالد حسین مگسی، چوہدری نثار علی خان ، حامد حمید، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی، صابر حسین قائم خانی، مولانا عبدال اکبر چترالی، چوہدری برجیس طاہر، قومی اسمبلی کے سیکرٹری طاہر حسین اور ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے شرکت کی۔
