اہم خبریں

9 مئی کے واقعات، 89 ملزمان 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور(نیوزڈیسک)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں شناخت ہونے والے 89 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور 13 خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل کے سامنے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کو پیش کیا گیا۔عدالت کو بتایا گیا کہ 89 مرد اور 13 خواتین کی شناخت پریڈ میں شناخت ہو چکی ہے جبکہ 23 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی، حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے محرکات جاننے کے لیے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے 89 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 10 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گرفتار خواتین نے عدالت کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے پولیس کے سپرد نہ کیا جائے وہ بہت زیادہ خوفزدہ ہیں، جیل میں یہ ٹیسٹ کروالیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ پریشان نہ ہوں آپ جیل میں رہیں گی اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی وہیں پر ہو گا۔عدالت نے تمام خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے اور شناخت نہ ہونے والے 23 افراد کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ خبریں