اہم خبریں

عمران خان منفی پروپیگنڈے سے ملک کو معاشی، سیاسی اور خارجی لحاظ سے نقصان پہنچا رہے ہیں، وفاقی وزیر خورشید شاہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نےکہا ہے کہ عمران خان اور ان کے رفیق کار منفی پروپیگنڈے سے حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنی کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اتوار کے روزاپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان غلط بیانی سے کام لے کر ڈیفالٹ کا تاثر اُبھار رہے ہیں اور وہ ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور ان سے وابستہ قریبی افراد کے معاملات جلد نمٹانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاست اور انصاف کو مزید دھندلا ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اصل انقلاب انصاف اور قانون کی حکمرانی میں مضمر ہے اور پیپلز پارٹی نے آمریت اور جبر کے ہر دور میں اپنے آپ کو قانون اور انصاف کے سامنے پیش کیا اور کبھی فرار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات اور بیانات سے ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر شدید نقصان پہنچا ہے،اگر عمران خان نے اپنی روش نہ بدلی تو پھر ملک کو معاشی، سیاسی اور خارجی لحاظ سے مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔‎انہوں نے کہا کہ ہم انصاف اور رواداری کے اصول اپنا کر ہی جمہوریت کو مضبوط بنا سکتے ہیں،پیپلز پارٹی کی سیاست عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کیلئے ہے اور پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد پرکبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کے تلخ اور شیریں تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اس لئے ہم ہر معاملے میں‎عوام ، انصاف ، اور جمہوریت کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور آگے بڑھتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں