اہم خبریں

پاکستان کی معیشت کو اس نہج پر لا کھڑاکرنے والی جماعت تحریک انصاف ہے، کائرہ

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نےکہا ہے کہ ہماری حکومت ملکی ترقی کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان نہ صرف معیشت بلکہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی بحران پر بھی قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ نندووال، لالہ موسی میں روڈکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو اس نہج پر لا کھڑاکرنے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں موجود مہنگائی سے ہم بخوبی واقف ہیں اور ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہے کہ عام آدمی بمشکل ضروریات زندگی کی اشیا پوری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ بن چکا ہے مہنگائی کی لہر نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور اس کے اثرات نے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت نے بھر پور کوشش کی ہے کہ عام آدمی پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے تاکہ عام آدمی اپنی ضروریات زندگی کی اشیا خرید سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں تھے تو ہم نے کبھی بھی پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کا سوچا بھی نہیں تھا لیکن آج پاکستان تحریک انصاف پاکستان کو ڈیفالت کروانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جو مرضی حربے استعمال کر لے انشا اللہ پاکستان ڈیفالت نہیں ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت ٹیکس نظام کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ملک کی ترقی ٹیکس کے بہتر نظام کی بدولت ممکن ہو سکتی ہے۔اس سے قبل مشیر آمور کشمیر نے نندووال، لالہ موسی میں رکشہ سٹینڈ تا گل موڑ تک کانکریٹ سڑک کا افتتاح کیا جس پر تقریبا تین کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی اور اس سڑک کی تعمیر سے علاقے کے ہزاروں افراد کو فائدہ ہو گا-

متعلقہ خبریں