اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو خط لکھا ہے کہ پناہ کی ٹیم نے آپ کو فنانس کمیٹی میں میٹھے مشروبات کے ہیلتھ اور اکنامی کے اوپر نقصانات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا کہ میٹھے مشروبات دل سمیت بہت سی دوسری بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ہےاور بہت سی سٹڈیز یہ ثابت کر چکی ہیں کہ ذیابیطس کی بیماری میں اس کا بہت اہم کردار ہے، پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مریضوں میں دنیا میں تیسرے نمبر پر آچکا ہےاورجس تیزی سے یہ بیماری بڑھ رہی ہے دنیا میں پاکستان پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس بیماری کے علاج پر پاکستان2.7 ارب امریکی ڈالر خرچ کررہا ہے۔ ہم نے بتایا تھا کہ دنیا میٹھے مشروبات کی روک تھام کیلئےکیا کررہی ہےاور ورلڈبینک اورڈبلیو ایچ اواس کے لیے کیاتجویز کرتا ہے۔ خط میں کہاگیا کہ یہ صورت حال انتہائی تشویشناک ہےاور پاکستان کی صحت کےساتھ ساتھ معیشت بھی بری طرح متاثرہورہی ہے،ہم نے آپ کو جو تجاویز دیں تھیں توآپ نے ہمارے ساتھ اتفاق کیا تھا کہ سینٹ کی فنانس کمیٹی اس پر اپنی سفارش جاری کرے گی جبکہ معاملہ اس کے برعکس نکلا ،انڈسٹری آپ ہی کے پلیٹ فارم کو باربار غلط استعمال کررہی ہے۔ خط میں اپیل کی گئی ایک عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے کو عوام الناس کی صحت کو ترجیح دیں نہ کہ انڈسٹری کے مفاد کو دیکھیں۔
