اہم خبریں

عوامی فیصلوں کی بالادستی سے ہی ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہوسکتی ہے،میاں جاوید لطیف

شیخوپورہ(نیوز ڈیسک  )ن لیگ کے مرکزی نائب صدر وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نیا سال نواز شریف کی وطن واپسی کا سال اور عمران خان کی قومی سیاست سے رخصتی کا سال ثابت ہوگا، اب سیاسی حالات تیزی کے ساتھ تبدیل ہورہے ہیں، عوامی فیصلوں کی بالادستی سے ہی ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خا ن قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں، 11جنوری تک بہت کچھ واضح ہو جائے گا ،نئے سال میں ہی الیکشن ہوں گے اور صاف شفاف الیکشن سے ہی ملک کے اندر حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب شیخوپورہ میں ن لیگ حلقہ پی پی 141کے امیدوار پیر سید سجاد حسین شاہ کے ہمراہ نومنتخب صدر رانا محمد عثمان، جنرل سیکرٹری مصطفی خان کو مبارکباد دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی ٹکٹ ہولڈر ملک اشتیاق احمد ڈوگر، نبیل چوہدری، سید عون سجاد شاہ اور دیگر موجود تھے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان اپنے چار سالہ دور اقتدار میں عوام کے لئے کوئی مثبت اقدام کرنے میں ناکام رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ پن کی حد تک پہنچایا ،تاہم اتحادی حکومت ملک کی معاشی سمت کو درست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے چار سال کے دوران کوئی ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جبکہ ملک کے تمام بڑے منصوبوں کا کریڈٹ پی ایم ایل این کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی ایم ایل این اور اس کی اتحادی جماعت الیکشن سے اجتناب کر رہی ہیں، اس وقت ملک قبل از وقت انتخابات کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور الیکشن اسی سال اپنے وقت مقررہ پر ہوں گے۔

متعلقہ خبریں