اہم خبریں

کراچی میں سال نو کے موقع پر فائرنگ سے دومعصوم بچوں سمیت36 افراد زخمی ہوئے،ترجمان پولیس

کراچی(نیوزڈیسک)نئے سال کے آمد کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے باعث 36 شہری زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایاکہ سال 2022 کے اختتام اور 2023 کے موقع پر گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں سمیت 36 شہری زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لیے جناح، سول اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق زخمیوں میں 2 معصوم بچے بھی شامل ہیں جن کو سول اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ہوائی فائرنگ میں زخمی ہونے والوں میں سے 18 زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی عمر 12 سے 61 برس تھی، تاہم تمام زخمی اب خطرے سے باہر ہے۔پولیس سرجن کے مطابق سول ہسپتال اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں ایک خاتون اور بچے سمیت 8 زخمیوں کو منتقل کیا گیا جن کی عمر ڈیڑھ سال سے 28 سال تک ہے جن کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔عباسی شہید ہسپتال میں خواتین اور بچوں سمیت 10 زخمیوں کو لایا گیا جن کی عمر ڈیڑھ سال سے 45 سال کے درمیان ہے۔کراچی پولیس کے ترجمان عادل رشید نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث شہر بھر سے مجموعی طور پر 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

متعلقہ خبریں