اسلام آباد (نیوزڈیسک)سی ڈی اے کے چیئرمین نور الامین مینگل نے انڈسٹریل سیکٹر کیلئے متعدد مراعات اور سہولیات کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں ، انوسٹرز کو کم سے کم تکلیف دینا چاہتے ہیں اور انکے مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں، ملک کو بچانے والا پرائیویٹ سیکٹر ہی ہے،سی ڈی اے کیساتھ زیادتی ہوئی کہ اسکے حصے کے پیسے میگا پراجیکٹس میں لگا دیئے گئے جس سے سیکٹرز کے ترقیاتی کام رک گئے، بھارہ کہو بائی پاس سمیت تمام جاری میگا پراجیکٹس دو ماہ کے اندر مکمل کر دیں گے، ڈھوکڑی چوک سرینا ہوٹل کے سامنے سنگل انڈر پاس بنانے کا ارادہ ہے جس سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی،سبزی منڈی میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائینگے،اسلام آباد میں قبضہ مافیاء کی کوئی گنجائش نہیں ہے،اسلام آباد میں انڈسٹریل زون ہونا چاہیئے،نور الامین مینگل نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چیئرمین سی ڈی اے نورالامین کا مزید کہنا تھا کہ سی ڈی اے بزنس کمیونٹی کیلئے بھرپور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا،اہم اسٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سی ڈی اے کی بورڈ میٹنگز میں شرکت کر سکتے ہیں،اس سے تمام مسائل کو شفافیت کے تحت حل کرنے میں مدد ملے گی،آئی ٹی کیلئے تمام کاغذات مکمل ہونے پر ایک ماہ کے اندر این او سی جاری کر دیا جائے گا،ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے پر متعلقہ اہلکاروں کو معطل کر دیا جائے گا،اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے صنعتکاروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر موقع پر ہی ہدایات جاری کیں جن میں دوماہ کے اندر ڈسپنسری کیلئے زمین کی فراہمی بھی شامل ہے، انہوں نے اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے کنوینئر سہیل ملک کی صنعتکاروں کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا،قبل ازیں صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن محمد احمد اور صدر اسلام چیمبر آف آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین سی ڈی اے کوصنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
