اسلام آباد(نیوزڈیسک)سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ 60 امریکی اراکین کانگریس نے عمران خان کو تحفظ دینے کے لئے خط لکھا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج 60 امریکی اراکین کانگریس نے سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا جس میں عمران خان کو تحفظ فراہم کرنے کا کہا گیا۔ا ن کا کہناتھاکہ خط سے واضح ہوگیا کہ پی ٹی آئی کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، عمران خان کو ایجنڈے پر عمل کے لئے لانچ کیا گیا، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ملکی معاملات میں کسی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں۔انہوں نے کہاکہ مجرم اور چور کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، عمران خان کی مکمل سہولت کاری کی جارہی ہے، 9 اور 10 مئی کو جو ہوا وہ بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں، عدالتیں مجرموں کو رہا کرکے حوصلے بڑھائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ریاست کو کمزور کیا جا رہا ہے، بلوائیوں نے ملک کو جلایا، پھر بھی تحفظ دیا جا رہا ہے، ہم نے اس صورتحال کا سامنا کرنا ہے۔فضل الرحمان نے کہاکہ عوام کے صبر و تحمل کا امتحان نہ لیا جائے، صورتحال سے غافل نہیں، صورتحال کا مقابلہ کریں گے، ہم سب تیار ہیں۔آرمی ایکٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جب فوجی تنصیبات پر حملے ہوں اور شہری عدالتوں کا یہ حال ہو تو آرمی ایکٹ اس وقت نہیں آئے گا تو کیا آئے گا، البتہ فوج آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرے گی اور ہم عوامی عدالت میں کارروائی کریں گے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی محبت میں پگھلنے والے ملک کا سوچیں، میں مذاکرات کی حمایت نہیں کروں گا، ساری پارٹیاں ایک طرف اور دوسری طرف عمران خان ہیں۔