اہم خبریں

اتحادی حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے،گورنر پنجاب

لاہور( نیوز ڈیسک )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے جمعہ کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈ ی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، سیلاب متاثرین کی بحالی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اتحادی حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مضبوط ہوگی تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور اب بھی متاثرین کی بحالی کا عمل جاری ہے۔گورنر پنجاب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کو سراہا۔انہوں نے دعا کی کہ نیا سال ملک میں خوشحالی، معاشی ترقی اور سیاسی استحکام لے کے آئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک ہے تو ہم ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کے استحکام اور ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ وزیر مملکت فیصل کریم کنڈ ی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اراکین صوبائی اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، پرویزالہی کے پاس ممبرز کی تعداد پوری نہیں اس لیے وہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود مختلف شعبوں میں عوام کو ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد تحصیلوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نئے مراکز کھولے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت نے سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،معیشت کی طرف بالکل توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ اب اتحادی حکومت کی انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت ملکی معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔

متعلقہ خبریں