لاہور(نیوزڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں امن وامان سمیت صوبائی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں آرمی تنصیبات پر حملے کرنیوالے شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں اصل ذمہ داروں کی شناخت اور مقدمات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے، تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کے لیے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا رہی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھاکہ کسی بھی بےگناہ کی گرفتاری نہ ہونےکویقینی بنانےکیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں، تمام شرپسندوں کیخلاف کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے،تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے۔
