لاہور( نامہ نگار)سینئر رہنما پی ٹی آئی و صوبائی وزیرصحت یاسمین راشد کو سانس لینے میں دشواری ہے، ڈاکٹرز نے ان کو 2 سٹی اسکین تجویز کئے۔ یاسمین راشد کو ایمبولینس کے ذریعے سٹی اسکین کیلئے سرجیکل ٹاور لے جایا گیا ہے، انہیں وہیل چیئر پر روم سے ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔اس سے قبل پنجاب پولیس یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے سروسز ہسپتال پہنچ گئی، لیکن خرابی صحت کے باعث میڈیکل بورڈ نے پولیس کو یاسمین راشد کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی۔پولیس نے اسپتال انتظامیہ کو موقف پیش کیا کہ یاسمین راشد کو ساڑھے11 بجے عدالت میں پیش کرنا ہے، تاہم ڈاکٹرز نے پولیس کو بتایا کہ یاسمین راشد کو سانس کی دشواری کے باعث آکسیجن لگا ہوا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ میڈیکل بورڈ ہی پی ٹی آئی رہنما کو چھٹی دے سکتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ رات طبیعت کی خرابی کے باعث یاسمین راشد سروسز ہسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ زیرعلاج ہیں،یاسمین راشد کو ہائی بلڈ پریشر کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
