اہم خبریں

گرفتاری کے بعد وزیراعظم نےعمران سے جوابی سوال پوچھ لیے

لندن( اے بی این نیوز     )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد وزیراعظم نے جوابی سوال پوچھ لیے ہیں۔ عمران خان نے شہباز شریف سے بھی سوالات پوچھے تھے۔بذریعہ ٹوئٹر پیغام وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد رد عمل میں عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ سفید جھوٹ، غلط بیانیہ، یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملے آپ کی سیاست کا تعارف ہے۔انھوں نے کہا کہ آپ (عمران خان ) کا رویہ عدلیہ کو اپنی خواہشات کے حق میں جھکانا اور ’قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا‘ جیسا ہے۔ گزشتہ چند سال کے ٹھوس حقائق سے جو کچھ ثابت ہوا ہے، اسی کی بنیاد پر آپ کے بارے میں اپنی ٹویٹ میں، میں نے لکھا تھا۔ میں آپ سے یہ جوابی سوال پوچھتا ہوں۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کچھ روز قبل اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم سے سوالات پوچھے تھے اور اسی ٹوئٹ میں پاکستانی اداروں کو نشانہ بنایا تھا۔ اسی تناظر میں اب وزیرعظم شہباز شریف (عمران خان سے) جوابی سوال پوچھ رہے ہیں۔وزیراعظم کے جوابی سوالات، اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بار بار پاکستان آرمی کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ کی سیاست کا طریقہ کار رہا ہے۔ وزیرآباد واقعے سے بھی پہلے سے کیا آپ آرمی، انٹیلی جنس اداروں اور ان کی قیادت پر مسلسل کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھے ہوئے؟ ہر روز دھمکانے، بے بنیاد الزام لگانے کے سوا آپ نے کون سا قانونی طریقہ کار اپنایا ؟ آپ نے وفاقی حکومت کی طرف سے کی گئی تعاون کی پیشکش ٹھکرا دی اور قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ آپ کو کبھی بھی سچائی کی کھوج میں کوئی دلچسپی تھی ہی نہیں بلکہ قابل مذمت واقعے کو آپ نے اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

متعلقہ خبریں