اہم خبریں

وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر ڑوب۔دھناسر سیکشن این۔50 سڑک بحال کر دی گئی

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایات پر این ایچ اے کے افسران اور عملہ رات بھر ہیوی لینڈ سلائیڈنگ کو ہٹا نے میں مصروف عمل رہا جس کے نتیجہ میں ڑوب۔دھناسر سیکشن این۔50 بحال کر دی گئی۔ ترجمان این ایچ اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اہم قومی شاہراہ این۔50 کے سیکشن ڑوب -دھناسر کے مقام پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جسے علی الصبح بحال کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر عملہ اور افسران نے دن رات محنت کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قومی شاہراہ60 سے 80 میٹر تک بڑے پتھروں کے ساتھ مکمل طور پر بلاک ہو گئی تھی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود اور سیکرٹری مواصلات وچئیر مین این ایچ اے کیپٹن( ر) محمد خرم آغا نے این۔ 50 شاہراہِ فوری طور پر کھولنے کی ہدایت کی تھی۔ ممبر این ایچ اے ویسٹ زون کوئٹہ شاہد احسان، عملے اور بھاری مشینری سمیت لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر رات بھر موجود رہے اور سڑک کی بحالی کے کام کی نگرانی کرتے رہے۔ صبح 6 بجے تک این ایچ اے کے عملے نے ہیوی لینڈ سلائیڈنگ کو ہٹا کر بند سڑک کو کھول دیا۔ اس وقت قومی شاہراہ ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بحال ہے۔ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اپنے روڈ نیٹ ورک کو بحال رکھنے کے لئے دن رات چوکنا اور فعال ہیں۔ عوام کو بہترین سفری سہولیات مہیا کرنا ہمارا نصب العین ہے۔

 

متعلقہ خبریں