اہم خبریں

پولیس جوانوں کی فرض شناسی، حاضر دماغی اور پیشہ وارانہ مہارت نے دارالحکومت کو بڑے حادثے سے بچالیا، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پولیس جوانوں کی فرض شناسی، حاضر دماغی اور پیشہ وارانہ مہارت نے دارالحکومت اسلام آباد کو کسی بڑے حادثے سے بچالیا، پوری پاکستانی قوم پیشہ وارانہ خدمت پراسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،پولیس جوانوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردکو روکا۔پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ وہ جمعرات کو پمز ہسپتال میں آئی ٹین بم دھماکے کے زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ اورسینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد آئی ٹین بم دھماکے میں زخمی پولیس جوان محمد حنیف کی عیادت کی۔زخمی پولیس اہلکار کی خیریت دریافت کی، گلدستہ اور چیک پیش کیا۔وزیر داخلہ نے پولیس اہلکار کو فرض شناسی اور پیشہ وارانہ ڈیوٹی سرانجام دینے پرزبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کانسٹیبل محمدحنیف کو جان کی پرواہ کئے بغیر دہشت گرد کو پکڑنے کی کوشش پر سلام پیش کیا۔ وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شہید عدیل حسین کے لئے فوری شہید پیکیج کی منظوری دی، انکو تمغہ شجاعت بھی دیا جائے گا، زخمی جوانوں کا بھی ہر طرح سے خیال رکھا گیا ہے۔انکی مزید کفالت جاری رکھی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے بہت بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ اسلام آباد کے شہری کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہے،پوری پاکستانی قوم آپکی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ان بزدل کارروائیوں سے ہماری سکیورٹی فورسز کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ بم دھماکے میں عدیل حسین شہید اور چار پولیس جوان زخمی ہوئے تھے، شہید کی فیملی کو فوری طور پر شہید پیکیج فراہم کیاگیاہے، اسکے ورثا کی مکمل کفالت کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں