راولپنڈی( نیوز ڈیسک )وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار اور معاشرے کا فعال رکن بنانا حکومت کے منشور کا حصہ ہے، شہید بے نظیر بھٹو نے بھی معاشرے کی خواتین کے حقوق لیے آواز اٹھائی، زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ویمن امپاورمنٹ اینڈ رول آف بزنس ویمن ان اکانومی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں فعال کر نا ایک فلاحی کام ہے، حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی سماجی، تعلیمی، معاشی اور سیاسی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف منصوبہ بندیوں کے ذریعے مختلف اقدامات کیے ہیں، خواتین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے آیا ہوں، مختلف اضلاع میں 10 سے زیادہ چیمبر کام کر رہے ہیں، ہمیں خوشی ہو رہی ہے کہ خواتین معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں، چیمبر کے مطالبات اور ادارے کی بہتری کے لئے بہتری کے لئے کمشنر سے بھی بات کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ کی موثر اقدامات اور دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت معیشت جلد مستحکم ہو گی اور حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔