اہم خبریں

آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر پوری دنیا تک پہنچائیں گے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھوں گا،آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آئندہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی’’ ریزیلیئنٹ پاکستان‘‘ کانفرنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمن، مریم اونگزیب، وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی، جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں ضائع اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا،سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھوں گا،آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔وزیرِ اعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

متعلقہ خبریں