لاہور (نیوزڈیسک) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان نے قوم سے باہر نکلنے کی اپیل کر دی۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی قوم کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ملک ایک فیصلہ کن تاریخ کے موڑ پر کھڑا ہے، پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک پر مافیا کا قبضہ ہے، اس حکومت کو الیکشن میں شکست کا خوف ہے۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حکومت پاکستان کا آئین اور سپریم کورٹ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، یہ مافیا چیف جسٹس اور ججز کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہی ہے،انہوں نے کہاکہ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں بروز ہفتہ نماز مغرب سے پہلے ہر شخص اپنے گھروں، گلی، محلوں سے چیف جسٹس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے باہر نکلے۔
