اہم خبریں

کراچی،ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام ایئرلائنز کو الرٹ جاری

کراچی(نیوزڈیسک) کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر تمام ایئر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو الرٹ جاری کردیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے طیاروں کو بھاری وزن کے ساتھ باندھ کر محفوظ جگہ پارک کیا جائے کسی حادثے سے بچنے کے لیے ائرپورٹس پر کھلے سامان کی مناسب سٹوریج کی جائے۔ الرٹ میں سی اے اے کے متعلقہ شعبے کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور بارش کے دوران کیڑے مکوڑوں سے بچنے کے لئے رن وے کے اطراف سپرے بھی کیا جائے، پرندوں کی سرگرمیوں میں اضافے کو روکنے کے لئے اضافی برڈ ڈسپرسل ٹیمیں تعینات کی جائیں جبکہ ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ سروس کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے سندھ کے جاری کردہ مراسلہ میں سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو بارشوں سے متعلق ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ادویات سمیت عوام کے استعمال کی ضروری اشیا کو سٹاک کیا جائے طوفانی بارشوں سے سندھ بھر میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، صوبے بھر کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 24 گھنٹے تیار رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں