اسلام آباد (نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سول جج نے تھانا سہالہ میں درج مقدمے میں طلب کرلیا ۔پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران ہنگامہ آرائی کیس میں سول جج نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں 29 اپریل کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو طلبی کا نوٹس زمان پارک لاہور کے پتے پر بھیجا گیا ہے جس کا مقصد کیس کی نقول فراہم کرنے کے لیے عمران خان کی حاضری یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب عسکری حکام پر الزامات کے تناظر میں عمران خان کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت کیلئے آج اسلام آباد آئیں گے۔عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ سے حاصل کر دہ حفاظتی ضمانت 26 اپریل کو ختم ہوچکی، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مجسٹریٹ کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر کیپٹل پولیس کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے مطابق جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی، شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
