لاڑکانہ( نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے بدھ کو گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور امیر بیگم کے مزارات پر حاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہے، عمران خان کو ہیلی کاپٹر پر گھومنے کی عادت پڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر جیالے، کارکنان اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے چاہنے والے ان کے مزار پر حاضری دیتے ہیں اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئیں۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا تو محترمہ بے نظیر بھٹو جانتی تھیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنے بچوں کو اکیلا چھوڑ کر یہاں آئیں ، انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس تھا اور انہوں نے اپنی اولاد سے زیادہ اس ملک کے عوام کو اہمیت دی۔