پاکستان کے زیر انتظام میں چلنے والے کاروباری ادارے،جنوبی ایشیاء میں سب سے بدترین ،عالمی بینک رپورٹ میں انکشاف
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کے زیر انتظام میں چلنے والے کاروباری اداروں کو جنوبی ایشیاء میں سب سے بدترین قرار دیدیا۔حالیہ رپورٹ کے مطابق ان اداروں کا خسارہ اثاثوں کی مالیت سے بھی زیادہ ہے جس کی وجہ سے عوامی وسائل میں نقصان اورخطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ ادارے اپنا وجود برقرار رکھنے کیلئے عوامی فنڈز سے 458 ارب روپے سالانہ نگل جاتے ہیں ، اس رجحان کی تبدیلی کیلئے مضبوط اصلاحات کی ضرورت ہے کیونکہ اسی خسارے کی وجہ سے وفاقی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ ادارے 2016ء سے جی ڈی پی کے 0 اعشاریہ 5 فیصد کے برابر مالی نقصان کا باعث بنتے رہے ہیہیں ، یہ ادارے جنوبی ایشیائی میں سب سے کم ترین منافع کمانے والے اداروں میں شامل ہیں۔ رپورے کے مطابق ان اداروں کے مقامی، بیرونی قرضوں اور ضمانتوں کا بوجھ2016 ء سے 2021ء تک4 اعشاریہ 09 فیصد سالانہ کی اوسط سے بڑھ رہا ہے ۔
