مظفرآباد(نیوزڈیسک) آزاد کشمیر کی نئی حکومت بھی کابینہ تشکیل سے قبل ہی اختلافات کا شکار ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فیصل راٹھور اور ن لیگ کے کرنل وقاراحمد نور کو وزارتوں کا قلمدان ملا ، اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخاب تک کابینہ کی تشکیل روک دی۔ذرائع کے مطابق وزراء کو محکموں کی تفویض پر بھی پی ڈی ایم بھی اختلافات کا شکار ہے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک نے متفقہ طور پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب کیا تھا، 12 اراکین اسمبلی پر مشتمل پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک حکومت میں شامل ہو چکا ہے۔اسپیکر اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر کو بنایا جانا تھا تاہم پی ٹی آئی کے چوہدری مقبول گجر نے ان کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد جموں کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس زمان پارک میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی، اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی مشاورت ہو گی۔















