اہم خبریں

عمران خان کی چار سالہ غلط پالیسیوں کے باعث آج ملک میں مہنگائی ہے ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد( اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ بالٹی، ڈبہ، کنستر اور ڈسٹ بن پہننے سے تمہاری شکل تو چھپ سکتی ہے تمہاری نااہلی، نالائقی اور کرپشن نہیں، موجودہ حکومت کے پہلے 8 ماہ میں جی ڈی پی کے تناسب سے مالیاتی خسارہ 3.4 فیصد سے کم کرکے 2.8 فیصد پر لائے، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 74 فیصد کمی ہوئی، تجارتی خسارے میں 36 فیصد کمی ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ایک سال کے مختصر وقت میں معاشی تباہی کے سفر کو خوش حالی کی طرف موڑ دیا ہے۔ حکمران جماعتوں کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں مذاکرات کے معاملے پر غور کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی ‘ ٹکٹ فروش’ پارٹی بن چکی ہے، عمران سے ملاقات کی قیمت ایک کروڑ روپے ہے، ملک لوٹنے والے اب ٹکٹوں کے نام پر لوٹ مار کر رہے ہیں۔ وہ بدھ کو وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امور معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے اتحادی حکومت کی کارکردگی پر دو خصوصی وڈیوز جاری کیں جن میں ایک سال کے دوران معیشت، خارجہ امور سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی کامیابیوں کا موازنہ پیش کیا گیا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود 1800 ارب کا کسان پیکج دیا۔ 3 ماہ میں 6.9 ارب کے قرض نوجوانوں میں تقسیم کر چکے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو زرعی قرضہ جات دئیے گئے ہیں۔ آئی ٹی شعبے میں نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور اسے بڑھانے کے لئے قرضہ جات دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود وفاق نے سیلاب متاثرین میں 100 ارب روپے تقسیم کئے۔ 400 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 9 ماہ میں 1800 میگاواٹ نئی بجلی کا نیشنل گرڈ میں اضافہ کیا۔ 74 ارب روپے سے خصوصی رمضان پیکج کے ذریعے عوام کو مفت آٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے سابق حکومت کی چار سال میں لائی بدحالی کے سفر کو خوشحالی کی طرف موڑ دیا ہے۔ ریاست کے لئے سیاست نہیں ریاست ہماری ترجیح رہی ہے۔ ہم نے ریاست کے مفادات قربان نہیں ہونے دئیے۔ عمران خان کی چار سالہ غلط پالیسیوں کے باعث آج ملک میں مہنگائی ہے ، ہم نے دن رات ایک کر کے ملک کو ڈیفالٹ سےبچایا۔ جو شخص اپنے کیسز کو ختم کرانے کے لئے بات چیت کے لئے تیار ہو اس سے مذاکرات کرنے سے پہلے سوچنا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ غیرائینی طور پر مسلط ہونے والی حکومت کو ہم نے آئینی طور پر تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالا۔موجودہ حکومت ایک سال سے ماضی کا گندصاف کر رہی ہے، ماضی کی حکومت نے معیشت تباہ کی، عوام کا آٹا ، چینی مہنگا کیا، روٹی، روزگار، کاروبار ختم کیا ، کشمیر کا سودا کیا، پھر بھی ڈھٹائی کے ساتھ یہ نااہل نالائق ٹولہ کہتا ہے کہ میں بہت مقبول ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2022 میں جب موجودہ حکومت آئی تو اس وقت ملک کے ہر بندے کی زبان پر تھا کہ ملک چند دنوں میں دیوالیہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا کوئی آن یا آف سوئچ نہیں ہوتا ، موجودہ مہنگائی ماضی کی چار سالہ غلط حکومتی پالیسوں کے باعث آئی ہے۔ 2018 میں مہنگائی 3.8 فیصد تھی جبکہ کھانے پینے کی مہنگائی 2.3 فیصد کی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی جو چار سال میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی چار سالہ ناکام پالیسیوں اور موجودہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا موازنہ خود عوام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 تک ملکی معیشت مستحکم تھی، ترقی کی شرح 6.2 فیصد تھی۔ دنیا گواہی دے رہی تھی کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر رہی ہے۔ دنیا کی 20 ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار ہو رہا تھا۔ ہم نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ختم کی۔ بجلی کی ریکارڈ 18000 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ پانچ سال تک آٹا 35 روپے اور چینی 52 روپے کلو برقرار رہی۔ چار سال میں 35 روپے سے آٹا 100 روپے اور 53 روپے سے چینی 120 روپے کلو ہوگئی۔ 2 کروڑ لوگ غریب اور 60 لاکھ بے روزگار ہوئے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ مسلم لیگ نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا اور اس پروگرام کے باوجود عوام کو مہنگائی سے بچایا اور ملک کو ترقی کی بلند ترین شرح بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے چار سال کی حکومت میں تاریخ کے بلند ترین خسارے دئیے۔ آخری سال میں 5200 ارب کا خسارہ دیا۔ تجارتی خسارہ 40 ارب چھوڑ کر گئے۔ سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے صرف چار سال میں ملکی تاریخی کا سب سے بڑا 20 ہزار ارب کا قرض لیا۔ 75 سال میں سب حکومتوں نے مل کر جو قرض لیا، اس سے زیادہ 78 فیصد پی ٹی آئی نے چار سال میں لے کر ملک کو قرض میں ڈبو دیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ 200 معاشی ماہرین چار سال تک نامعلوم رہے۔ 100 دن میں معیشت ٹھیک کرنے، مرجانے آئی ایم ایف نہ جانے کے دعوے ہوئے تھے لیکن معیشت کا جنازہ نکال کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کے دوران جن دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی تھی، انہیں واپس لایا گیا، ان سےڈیلیں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ چار سال میں چلتے ہوئے منصوبے بند کیے، کھاد، گیس کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر چلی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا تو اس وقت وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ویڑن دیا اور ملک کو ترقی کے سفر پر ڈالا۔ کھانے پینے کی اشیا کی سستے نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا۔ آٹے ، چینی سمیت کھانے پینے کی تمام اشیا کے لئے سبسڈی دیکر عوام کو ریلیف دیا۔ سابق حکومت کے چار سال کسان روتے رہے ، اساتذہ سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے، سب طبقات کو ریلیف کے بجائے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ موجودہ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے مقدمے کو عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر ہمیں عوم کی مشکلات کا سب سے زیادہ احساس ہے ،ہم اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے کا گردشی قرض 1100 ارب روپے تھا جو پی ٹی آئی کے چار سال میں 2500 ار ب ہوگیا جبکہ گیس کے شعبے میں کوئی گردشی قرض نہیں تھا لیکن پی ٹی آئی کے دور میں 1400 ارب کا گردشی قرض چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں ڈالر 118 روپے تھا جو اپریل 2018 میں 189 روپے تھا۔انہوں نے کہا کہ 10 ماہ میں اتحادی حکومت نے سابق حکومت کے لئے قرضوںکی ادائیگی کی مد میں 11 ارب ڈالر بروقت ادا کئے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس پی ٹی آئی ٹکٹ فروش پارٹی بن چکی ہے۔ ایک کروڑ ملنے کی فیس ہے جس کے بعد مزید ادائیگی کرنی ہے اس کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کررہے ہیں۔ دوست ممالک جو ناراض تھے ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دن رات ایک کر کے وہ تعلقات بحال کیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بندمنصوبے ایک سال میں بحال کئے، غیر ملکی کمپنیوں کو ادائیگیاں کیں، سی پیک، یوتھ پروگرام، لیپ ٹا پ سکیم، نوجوانوں اور کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں حکومتیں ہونے کے باوجود یہ شخص سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا نظر نہیں آیا ، دہشت گردی واپس آئی تو ایک لفظ نہیں بولا اور جب لسبیلہ حادثے ہوا تو اپنے اکاؤنٹ سے ان کے خلاف مہم چلائی۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب ان کی حکومت تھی تو سوال کرنے والے صحافی ، سیاستدانوں کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی تھی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اداروں نے ثبوت کے ساتھ مقدمات بنائے ہیں ، کہا جاتا ہے کہ عمران خان کو ہراساں نہ کیا جائے ،دوسروں کی بہنوں کو گھسیٹ کر جیلوں میں ڈالا گیا، انہیں تو یہ ریلیف نہیں ملا تھا۔ان کو تو عدالتوں میں کیسز کے باوجود ضمانت پر ضمانتیں مل رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا فیصلہ آچکا ہے کہ اقلیت کا فیصلہ اکثریت پر حاوی نہیں ہوگا ، وہ شخص جو مذاکرات کے معنی نہ جانتا ہوں اور اپنے کیسز کو ختم کرانے کے لئے مذاکرات کرتا ہو، اسے پہلے انسان بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کے بارے میں شروع دن سے کہتے تھے کہ یہ اتحاد نہیں چلے گا ،الحمداللہ عوام کو ریلیف دینے کی نیت سے یہ اتحاد قائم ہے اور قائم رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا اس میں کافی آپشن پر غور ہوا ، عمران خان کا پیغام ہے کہ میرے کیسز ختم کردیں تو بات چیت کروں گا ، ایسا شخص جس نے ملک کے ساتھ ایسا کیا ہوا اس کے ساتھ مذاکرات کرنے سے پہلے ہزار دفعہ سوچنا پڑتا ہے۔مشاورتی اجلاس میں ایک کمیٹی قائم ہوئی ہے جو اتحادی جماعتوں کے اندر معاملات کو ڈسکس کررہے ہیں۔ حتمی فیصلہ ہو جائے گا تو میڈیا کو آگاہ کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومتی بزنس کو اشتہارات سے منسلک کیا گیا، پیمرا میں پی ایف یو جے کو شکایات کونسل اور اتھارٹی میں نمائندگی دی گئی۔ اس لئے کہ جو ادارہ تنخواہ نہیں دے گا، اسے بزنس نہیں دیا جائے گا۔ یہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ،فیک نیوز، ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن پر قدغن لگا کر قانون سازی کے ذریعے پیمرا میں شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 11 سال بعد ویج بورڈ نافذ ہم نے کرایا تھا، آئی ٹی این ای کا چیئرمین لگایا جس نے میڈیا ورکرز کو سات کروڑ کے واجبات ادا کرائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ ایک گروہ نے جو کھیل کھیلا وہ 80

فیصد شکنجے میں ہیں لیکن عدالتوں سے ریلیف لے رہے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں