اسلام آباد(اے بی این نیوز)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوام ذہن نشین کر لیں مہنگائی نے ختم نہیں ہونا عوام کو اپنے معاشی مسائل خود حل کرنا ہونگے، سادہ طرز زندگی اپنائیں اور چادر سے پاؤں باہر نہ نکالیں، سادہ غذا کھائیں، شادی غمی خوشی کو اسلامی بنائیں،غیر ضروری رسومات اور اسراف ختم کر دیں، خود کو خواہشات کا غلام بنانے کی بجائے دستیاب وسائل کے اندر جینے کی حکمت عملی اپنائیں، جب آپ دوسروں کے ہاتھوں کی طرف دیکھنا بند کردیں گے،رزق حلال پر قناعت کریں گے تو اللہ رب العزت بھی برکتیں عطا کرے گا، عزت و وقار کے ساتھ جیئں، فاقوں غربت کو جواز بنا کر حلال و حرام کی تمیز ختم کر کے خود کو جہنم کا ایندھن نہ بنائیں، بیروزگاری، مہنگائی، ناانصافی کے خاتمے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ریاستی اختیار و وسائل تعلیم یافتہ اور خوف خدا رکھنے والوں کے پاس ہونگے تو حالات بہتر ہونا شروع ہونگے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاک اور طیب ہے اور پاکیزگی کو پسند کرتا ہے، رزق حلال کھانے والی زبان سے نکلنے والی دعا کو ہی قبول کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی دعاؤں کے قبول نہ ہونے کا جو ملال ہے اس کو سمجھنے کے لیے اپنے شب و روز اور اپنے رزق کے ذرائع پر توجہ دیں تو آپ کو اپنے ہر سوال کا جواب از خود مل جائے گا،شہر اعتکاف میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔