لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایسی پارلیمان اور حکومت جو لوگوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی قرار دادیں منظور کرے اس کا ہر ممبر عوام کا مجرم ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ وکلا نے آج ایک بار پھر حکومتی ٹاوٹوں کا منہ کالا کر کے یوم سیاہ منایا، حکومتی وکلا کی یوم سیاہ منانے کی اپیل بری طرح ناکام ہوگئی ہے، ملک بھر میں وکلا معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔اپنی ایک اور ٹوئٹ میں فود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی سپریم کورٹ کے جج صاحبان کے خلاف مہم کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، جن جج صاحبان کو جونیئر کہا جا رہا ہے وہ پاکستان کے چند سب سے بڑے ججز ہیں۔فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ان (ججز) کا علم، تجربہ، ہائی کورٹ میں ان کا رویہ اور کام ان کے میرٹ کی گواہی ہے، حکومت میڈیا میں اپنے ٹاوٹوں کے ذریعے شروع کی گئی مہم بند کرے۔
