مظفر آباد(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی سے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ چھیننے کا پلان بنالیا۔ فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر، پیپلز پارٹی یا اس کی اتحادی جماعت سے ہوگا۔آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے، دونوں جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نمبر پورے کرنے کا دعویٰ کردیا۔ فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پیپلز پارٹی یا اس کی اتحادی جماعت سے ہوگا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بیرسٹر سلطان گروپ سے معاملات طے پارہے ہیں، موجودہ 52 ارکان میں سے 27 ووٹ والا وزیراعظم بن سکے گا، وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ہمارے پاس مقررہ ووٹوں سے زیادہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ متعدد ایم ایل ایز سے رابطے کئے ہیں، مزید سے روابط جاری ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا عمل آئندہ ایک 2 روز میں مکمل ہوجائے گا۔دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض کی زیر صدارت ساڑھے 4 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، تاہم کورم پورا ہونے کے باوجود بغیر کسی کارروائی کے کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔















