بی بی شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، وزیر مملکت شہادت اعوان

جوہرآباد( نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر مملکت قانون و انصاف سینیٹر ملک شہادت اعوان ایڈووکیٹ نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی15ویں برسی کے موقع پرایک بیان میں کہا ہے کہ بھٹو خاندان کے فلسفہ جمہوریت پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک و قوم کے اندر معاشی ، سیاسی استحکام اور مضبوط جمہوریت ممکن ہوسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے خون دے کر وطن کی جڑیں نہ صرف مضبوط کی ہیں بلکہ غریب، مزدور سمیت تمام طبقات کے حقوق کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھائے اور جدوجہد کی ہے۔ ملک شہادت اعوان ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ پارٹی قائدین کی سیاسی تاریخ وطن عزیز کے لیےقربانیوں سے تعبیر ہے۔ انشاء اللہ آئندہ بھی پیپلز پارٹی کی قیادت ملک و قوم کو سنجیدہ جدوجہد سے بحرانوں اور مسائل سے چھٹکارا دلاوا کر ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کی طرف گامزن کرے گی ۔وفاقی وزیر مملکت ملک شہادت اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید ایک تحریک کا نام تھا جنہوں نے وطن میں جمہوریت کی خاطر جان کا نذرانہ دے کر اپنی جمہوری تحریک کو امر کر دیا ہے۔ بینظیر شہید اپنے نام کی طرح بینظیر تھیں۔ وہ ایک بہادر، جرات مند، سیاسی مدبر اور دلیر خاتون لیڈر تھیں۔ تمام تر خطرات کے باوجود بھی بینظیر شہید پاکستان واپس آئیں تاکہ ملک و قوم کو آمریت سے نجات دلوا سکیں۔