اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان سمیت تمام علاقوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں گلگت بلتستان کے وزیرخزانہ جاوید علی منوا اور ان کی ٹیم سے وزارت خزانہ میں ملاقات میں کہی ۔ اس موقع پر معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور گلگت بلتستان ووزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی موجودتھے ۔گلگت بلتستان کے وزیرخزانہ نے وفاقی وزیر خزانہ کو گلگت بلتستان میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پرہونے والی پیش رفت اور علاقے میں بہتراسلوب حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مالی رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے گلگت بلتستان سمیت تمام خطوں کی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس خطے میں سیاحت کی استعداد کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا اورکہاکہ اس سے نہ صرف گلگت بلتستان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ پوری دنیا میں ملک کا خوبصورت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔ وزیر خزانہ نے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی حمایت کا یقین دلایا۔