اسلام آ باد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے 15 رکنی قومی ٹاسک فورس برائے آرٹیفیشل انٹیلی جینس تشکیل دے دی۔ٹاسک فورس میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے ماہرین، نجی شعبے اور حکومت کے نمائندے شامل ہیں،ٹاسک فورس آرٹیفیشل انٹیلی جینس کو معیشت، گورننس اور تعلیم کے شعبوں میں متعارف کرانے کا لائحہ عمل تجویز کرے گی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس پر دسترس آنے والے دور میں ترقی کی ضامن ہے، معیشت، گورننس اور تعلیم کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے دور رس تبدیلیاں وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس حکومت کو زراعت، گورننس، تعلیم، معیشت کے شعبوں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال، فیصلہ سازی اور ترقی کا 10سالہ روڈ میپ تیار کر نے میں معاونت کرے گی۔لیگی رہنما نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا قومی مرکز قائم کیا تھا۔
