جھنگ(نیوزڈیسک)جھنگ میں پسند کی شادی کی خواہش میں بیٹی نے دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی باپ کو قتل کردیا اور لاش گھر کے صحن میں دفن کردی۔ پولیس نے لاش برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔جھنگ کی 30 سالہ سعدیہ نے پسند کی شادی میں رکاوٹ بننے پر زندگی بھر حفاظت کرنے والے باپ کو اپنے ہاتھوں سے قتل کردیا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ قاتل اشرف کو مقتول نے گھر آنے سے منع کیا تھا، جس پر لڑکی اور لڑکے نے مل کر ذوالفقار کو قتل کردیا۔لواحقین نے مزید کہا کہ اشرف ایک گینگ کا کارندہ ہے، وہ پہلے بھی کئی کیسز میں ملوث رہا ہے۔قتل کی عینی شاہد مقتول کی نواسی کا کہنا ہے کہ اشرف اور اس کے بھائی علی نے ہم پر تشدد کیا، خوف کی وجہ سے چپ ہوگئے۔پولیس نے والد کے قتل کے الزام میں سعدیہ اور اس کے دوست اشرف کو گرفتار کرکے گھر کے صحن سے لاش بھی برآمد کرلی۔پولیس ترجمان محمد عون رضا کا کہنا ہے کہ ہم نے انویسٹی گیشن کے بعد گھر کے صحن سے لاش برآمد کی، مقتول کی بیٹی سعدیہ اور اس کے دوست اشرف کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔مقتول کے اہل خانہ نے پولییس سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو سخت ترین سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے۔
