اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کیساتھ رہے گا،ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے اوریہ بحران ہمیں ورثے میں ملا ہے،ہم ملک سنبھالنے آئے تھے اورسنبھالا ہواہے ،ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا،انتخابات اکتوبر2023میں ہی ہونگے ،پاکستان کی تاریخ میں80 فیصد قرضی عمران خان کی حکومت نے لیا،جوبھی وزیرمشیرہیں کوئی اضافی سولیات نہیں لے رہے،پیر کونجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ 6 ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت داؤ پر لگی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل کر کے معیشت کو بہتر بنایا، پی ٹی آئی نے پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مکمل بیانیہ جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے، سیلاب زدگان کی امداد کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک منظم جھوٹ پر مبنی مہم چلا رہی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرنے کا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت نے سی پیک کا دوبارہ آغاز کیا، جسے پی ٹی آئی نے برباد کر دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ سی پیک طرز کا سعودی عرب سے بھی اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک کے تحت چین اور سعودی عرب کو مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔