ملتان(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف گامزن ہے، وفاقی حکومت آخری اننگز کھیل رہی ہے۔ تمام بحرانوں کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔ملتان میں رابطہ عوام مہم سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ترجیحات درست نہیں۔ ان کی ترجیح کسی بھی طریقے سے پنجاب حکومت گرانا ہے، وفاقی حکومت اقتدار سے زبردستی چمٹی ہوئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ان کےپاس حکومت چلانے کی نہ تو اہلیت ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے، یہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہو کر الیکشن نہیں کرانا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں، حکومت دہشت گردی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سرحدوں کا دفاع وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، ایسا لگتا ہے دہشت گردی پر حکومت نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، ملک ڈیفالٹ کی طرف گامزن ہے، آج 2500 ٹیکسٹائل ملز بند اور 15 لاکھ مزدور بےروزگار ہوچکے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تمام بحرانوں کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔