اہم خبریں

جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے حوالے سے بھٹو خاندان کی خدمات ہمیشہ ناقابل فراموش رہیں گی، خورشیدشاہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے حوالے سے بھٹو خاندان کی خدمات ہمیشہ ناقابل فراموش رہیں گی۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی آبیاری اور عوامی خدمت کی نئی اور درخشندہ مثالیں قائم کیں اور پھر جمہوریت، انسانی حقوق اور انصاف کی جنگ لڑتے ہوئے ستائیس دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں عوام کے درمیان اپنی جان قربان کردی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم جمہوریت کے عہد میں زندہ ہیں اور طاقت کے ایوان عوام کے منتخب نمائندوں کی سیاسی دسترس میں ہیں تو اس کا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے جنہوں نے ماضی کے مطلق العنان آمروں اور جابروں سے اقتدار چھین کر عوام کی جھولی میں ڈالا اور یہ معرکہ کوئی بچوں کا کھیل نہیں تھا مگر پیپلز پارٹی کے عظیم رہنمائوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہم فخر سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے ضیا الحق اور پھر پرویز مشرف کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے غصب شدہ حقوق ان کو واپس دلائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ‎محترمہ بے نظیر بھٹو کی جرات اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جبر، قید و بند اور جلا وطنی کی اذیتیں برداشت کیں مگر عوام کے حقوق کا سودا نہیں کیا۔ خورشید شاہ نے کہا ‎ کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تحمل، امن اور برداشت کی پالیسی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قائد کو وطن اور جمہوریت کیلئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کی تکمیل کیلئے عوام کے شانہ نشانہ اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں