اہم خبریں

پاکستان کی ترقی اور آگے بڑھنےکی کنجی ہماری نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لا نے کے لئے کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کمیٹی ملک بھر میں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ ثقافت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرےگی ، نوجوان نسل میں پاکستان کو قائد اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کا جذبہ اور ولولہ موجود ہے ، پاکستان نے ترقی کرنی اور آگے بڑھنا ہے تو اس کی کنجی ہماری نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، اس کے لئے حکومت پاکستان تمام وسائل نوجوانوں کے قدموں میں نچھاور کرنے کے لئےتیار ہے ،نوجوانوں نے شارٹ فلمز کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لایا ۔وہ پیر کو نیشنل ایمچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، اراکین کابینہ ، پارلیمنٹرین ، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد سمیت شرکا کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول میں بہترین فلمیں تیار کر کے نوجوانوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ، نوجوانوں نے دن رات محنت کر کے اس معاشرے میں خود اپنا مقام بنایا ہے ، ایوارڈ جیتنے والوں نے آج کی تقریب کو چار چاند لگا دیئے ہیں، کامیاب ہونے والوں نے حقیقی معنوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے سلطان احمد بند سلائم کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق ہمارے دوست ملک سےہے ،ان کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج نالج کا دور ہے ، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہماری نوجوان نسل میں پاکستان کو قائد اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کا جذبہ او رولولہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بچوں اور بچیوں نے شارٹ فلم کے ذریعے پاکستان کا حسن ، قدیم ورثہ ،دریا ،سمندر اور جھیلوں کی خوبصورتی سے عکاسی کی اور دنیا کو دکھایا ہے ، اگر پاکستان نے ترقی کرنی اور آگے بڑھنا ہے تو اس کی کنجی ہماری نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے ، اس کے لئے حکومت پاکستان تمام وسائل نوجوانوں کے قدم میں نچھاور کرنے کے لئےتیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معرض وجو د میں آئے 75 سال ہوگئے ہیں، لیکن قائداعظم کا خواب پورا نہیں ہوا ، قائداعظم کے خواب کو ہماری نوجوان نسل نے ہی پورا کرنا ہے، نوجوان نسل نے ہی پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ یہاں پر فلم انڈسٹری سے متعلق جو جو نکات اٹھائے گئے ہیں ان پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 60ء70ء80 کی دہائی میں ہمارے ڈراموں کی اپنی اہمیت تھی ، فلم انڈسٹری اور کلچر میں بے شمار کام ہوا ، وہ بھی وقت آیا جب فلمیں بننا بند ہوئیں اور سینماز بند ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتا ہوں جو پورے پاکستان سے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی اور کلچر کو فروغ دینے کے لئے کام کرےگی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فلم فیسٹیول میں نمایاں پوزیشن لینے والے 15 نوجوانوں کو سکالر شپ پر بھجوانے کی بات کی گئی ہے ، یہ تعداد بہت کم ہے ، اس کی تعداد 50 کی جائے جس میں 25 بچے اور 25 بچیاں ہوں ۔

متعلقہ خبریں